November 28, 2013 …جویریہ صدیق…
وزیر اعظم نواز شریف اورنئے آرمی چیف راحیل شریف کے آخری نام میں مماثلت کی وجہ سے یہ کہا جاسکتا ہے کہ اب پاکستان میں شریفوں کا سکہ چلے گا۔ جنرل پرویز مشرف اور جنرل ضیاء الدین بٹ کے انتخاب کے مقابلے میں نواز شریف نے اس بار زیادہ دانشمندی کا مظاہرہ کیا اور نئے آرمی چیف کا انتخاب رات کی تاریکی نہیں بلکے دن کے اجالے میں کیا گیا۔
اگر بری فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل راحیل شریف کی پروفیشنل زندگی کا جائزہ لیں تو اکتوبر1976 میں فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ جرمنی برطانیہ اور کینیڈا سے اعلیٰ عسکری تعلیم حاصل کی، پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ اور گوجرانوالہ میں کور کمانڈر تعینات رہے۔دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں فوجیوں کی تربیت اور نصاب میں جدت کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔ پاک فوج کے تربیتی ادارے کے انسپکٹر جنرل مقر ر ہونے پر فوجیوں کو ملک کے اندر دہشت گردی کی جنگ سے نمٹنے کے لیے جدید مشقیں اور وار کورسز کروائے۔
لیفٹیننٹ جنرل راحیل شریف 16 جون 1956 کو ریٹایرڈ فوجی میجر کے گھرپیدا ہوئے ، ابتدائی تعلیم گورنمنٹ کالج سے حاصل کی۔ آپ پاکستان کے نشان حیدر پانے والے شہید میجر شبیر شریف کے بھائی ہیں اور آپ کے انکل میجر عزیز بھٹی نے بھی اپنی جان کی قربانی دے کر نشان حیدر کا اعزاز حاصل کیا، ان کے خاندان کی وطن کے لیے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔راحیل شریف دو بیٹوں اور ایک بیٹی کے والد ہیں۔ شکار، تیراکی اور مطالعہ کا شوق رکھتے ہیں۔
جنرل راحیل شریف کی آرمی چیف کے طور پر تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا جارہا ہے فوج کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ان کی کارکردگی میں اضافے کے لیے جدید مشقیں،عصر حاضرکے مطابق عسکری تربیت ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ جمہوری حکومت کے ساتھ بھی اچھے تعلقات استور رکھنے کی امید کی جارہی ہے۔فوج کے پندرہویں سربراہ کے طور پر جنرل راحیل شریف سے امید رکھی جارہی ہے کہ وہ سبکدوش ہونے والے جنرل کیانی کی پالیسیوں کو آگے لے کر چلیں گے۔تاہم جنرل راحیل شریف کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا، اس میں فاٹا کی صورتحال،انسداد دہشت گردی کی جنگ میں پاکستانی فوج کے کردار کا فیصلہ، افغانستان سے نیٹو فوج کے انخلا کے بعد کی صورتحال اور بھارت کے ساتھ تعلقات اہم ہوں گے۔اب یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ پاکستان کے نئے آرمی چیف راحیل شریف وزیر اعظم نوازشریف کے ساتھ مل کر ان مسائل سے کیسے نبرد آزما ہوں گے۔
ْJaveria Siddique is a Journalist and Award winning photographer. Contact at https://twitter.com/javerias
– See more at: http://blog.jang.com.pk/blog_details.asp?id=9343#sthash.nSmmAfzj.dpuf