نریندر مودی نے پاکستان کا مختصر اور اچانک دورہ کرکے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا،عوام کی بڑی تعداد نے اس دورے پر مسرت کا اظہار کیا، بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ سے ٹویٹ کیا میری ابھی وزیر اعظم نواز شریف سے بات ہوئی ہے اور میں نے انہیں سالگرہ کی مبارک دی ہے، دوسرے ٹویٹ میں انہوں کہا آج شام دلی واپس جاتےہوئےمیں لاہورمیں وزیراعظم نواز شریف سےملاقات کروں گا۔
افغانستان سے واپسی پر نریندر مودی چند گھنٹوں کے لئے پاکستان آئے، لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا جہاں وزیراعظم نواز شریف نے خود ان کا استقبال کیا، بعد ازاں وزیراعظم نواز شریف انہیں ہیلی کاپٹر میں بیٹھا کر اپنی رہائش گاہ جاتی عمرہ رائیونڈ کے لئے روانہ ہوگئے، یہ سب اتنا اچانک ہوا کہ پاکستان اور بھارت کے میڈیا میں ہلچل مچ گئی، دونوں طرف کے صحافی اور اینکرز مختلف تجزیے کرنے لگے۔
نریندر مودی کی بظاہر پاکستان آمد کا مقصد وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو ان کی 66 ویں سالگرہ کی مبارک دینا اوران کی نواسی مہرالنساء صفدر کی شادی کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کرنا تھا، تاہم دونوں طرف کے میڈیا اور عوام نے اس سالگرہ ڈپلومیسی اور سرپرائز ڈپلومیسی کو بہت بڑا بریک تھرو قرار دیا۔پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے اسے غیر سگالی کا دورہ قراردیا۔انہوں نے کہا ملاقات بہت خوش گوار ماحول میں ہوئی دونوں رہنماؤں نے ممالک کے مابین تعلقات کی بہتری پر اتفاق کیا۔
نریندر مودی جن کی وزیر اعظم نواز شریف کی رہائش گاہ پر خوب آئو بھگت کی گئ، بھارت واپسی پر انہوں نے ٹویٹ کیا کہ نواز شریف صاحب کے گھر گرمجوشی سے بھرپور شام گزری ان کی سالگرہ اور نواسی کی شادی نے خوشی کو دوبالا کردیا،دوسرے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر بہت خوشی ہوئی جس طرح نواز شریف صاحب نے میرا استقبال کیا مجھے ائیرپورٹ میں آکر خوش آمدید کہا اور واپسی پر الوداع کیا۔
پاکستان اور بھارت کا میڈیا پل پل کی رپورٹس نشر کرتا ہے مودی جی کا استقبال لاہور ائیرپورٹ پر پرتپاک طریقے سے کیا گیا،وزیر اعظم کے گھر پر ان کے بیٹوں حسن نواز،حسین نواز اور نواسے جنید صفدر نے وزیر اعظم مودی کا استقبال کیا، وزرائےاعظم کے درمیان ایک گھنٹے سے زائد ملاقات جاری رہی، اس کے دوران مہمانوں کی تواضع انواع و اقسام کے کھانوں سے کی گئ، نریندر مودی نے خاتون اول کلثوم نواز شریف اور مریم نواز شریف سے بھی ملاقات کی اور مہر النساء صفدر کو شادی کی مبارک دی۔
میڈیا پر تو تبصرے ہوتے رہے لیکن ساتھ ساتھ بھارت اور پاکستان کے سیاستدان، صحافی اور عوام بھی اس ملاقات پر تبصرے کرتے رہے،پی پی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ کیا نریندر مودی کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور کہا اس طرح ملاقاتوں سے ہم دیرینہ مسائل کو حل کرسکتے ہیں،ایم پی اے حنا بٹ نے ٹویٹ کیا بہت اچھا لگا کہ دونوں ممالک کے درمیان برف پگھلی،یہ امن کی جانب بہترین قدم ہے ۔
صحافی وسیم عباسی نے ٹویٹ کیا بہترین قدم ! نواز حکومت بالکل درست سمت جارہی ہے جبکہ پرویز مشرف کو واجپائی کے آگے جھکنا پڑا تھا، اینکر فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا جو لوگ اس ملاقات پر تنقید کررہے ہیں وہ یہ بتائیں کیا ہم جنگ کے متحمل ہوسکتے ہیں ؟صحافی نازیہ میمن نے ٹویٹ کیا ایک دہائی کے بعد بھارتی وزیراعظم کا پاکستان آنا دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری لائے گا۔
بھارتی صحافی پرابھو چاولہ نے ٹویٹ کیا مودی کا دورہ پاکستان غیر سگالی پر مبنی دورہ تھا۔صحافی برکھا دت نے ٹویٹ کیا یہ دورہ نریندر مودی کی پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ ہے۔بھارتی اینکر راہول کنول نے ٹویٹ کیا ناشتہ کابل میں لنچ لاہور میں اور ڈنر دہلی میں ۔سدھیندرا کلکرنی نے ٹویٹ کیا اس ملاقات سے پاکستان بھارت کے درمیان امن مشن کو آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔
مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی مودی نواز ملاقات کو مثبت قرار دیا۔رانا عمران نے ٹویٹ کیا نواز شریف کے سیاسی تدبر اور بہترین سفارت کاری کی وجہ سے پاکستان اقوام عالم میں ایک ابھرتے ملک کی صورت میں سامنے آرہا ہے۔ عادل کنول نے ٹویٹ کیا وزیراعظم نواز کی بہترین سفارت کاری کے باعث پاک بھارت تعلقات پر جمی برف اب پگھلنا شروع ہوگئ ہے۔شمس الزماں نےٹویٹ کیا گیارہ سال بعد کوئی بھارتی وزیراعظم پاکستان آئے ہیں۔جعفر حسین نے ٹویٹ کیا صرف سیاست اور سیاست دان ہی ملک کو آگے لے کر جا سکتے ہیں۔
کچھ سوشل میڈیا یوزر نے دلچسپ اور مزاحیہ ٹویٹس کئے جواد نذیر نے ٹویٹ کیا نریندر مودی وزیراعظم نواز شریف کے لئے سالگرہ پر کیا تحفہ لا رہے ہیں مجھے اچھا لگے اگر وہ پاک بھارت کرکٹ سیریز تحفے میں دے جائیں۔آم اچار نے ٹویٹ کیا نریندر مودی اور نواز شریف کو لے کر جانے والا ہیلی کاپٹر ابھی میرے گھر کے اوپر سے گزرا ،لگتا ہے میاں صاحب مودی کو لاہور کی سیر کروارہے ہیں۔
Journalist writes for Turkish Radio & Television Corporation .
Photographer specialized in street and landscape photography
Twitter @javerias fb: : https://www.facebook.com/OfficialJaverias
View All Posts