Posted in cricket, Pakistan, Uncategorized, کرکٹ

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ اورسوشل میڈیا

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ اورسوشل میڈیا

  Posted On Sunday, May 24, 2015   …..جویریہ صدیق…..
پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا سورج22مئی کو ایک بار پھر طلوع ہوا۔سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد آنے والے تعطل کو زمبابوے کی کرکٹ ٹیم نے ختم کیا اور یوں پاکستانی شائقین نے ایک عرصے بعد ہوم گروانڈ پر میچ دیکھا۔پاکستانی شایقین کرکٹ نے جمعہ کی نماز کے بعد سے ہی قذافی اسٹیڈیم کا رخ کرلیا حالانکہ میچ شام کو شروع ہونا تھا۔طویل لمبی قطاریں لیکن شائقین نے بہت حوصلے کے ساتھ گرمی برداشت کی اور سیکورٹی اہلکاروں سے بھرپور تعاون کیا۔جو شائقین ٹی وی پر میچ دیکھ رہے تھے انہوں نے تمام کام صبح ہی ختم کرلیے بس دل میں یہ دعا تھی کہ پاکستان جیت جائے اور میچ کے دوران بجلی نا جائے۔

میچ شروع ہوا پاکستانی شائقین نے کھل کر زمبابوے کی ٹیم کو بھی سپورٹ کیا اور پاکستانی ٹیم کوبھی۔پاکستانی اس بات پر بہت خوش ہیں کہ زمبابوے نے تمام تر مشکل حالات کے باوجود پاکستان کا رخ کیا۔شائقین نے پاک زمبابوے کرکٹ دوستی کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔بہت سے شائقین نے میچ کے لیے خصوصی لباس زیب تن کیا اور سب کی نظروں کا مرکز رہے۔زمبابوے کی ٹیم نے مقررہ اورز میں172 رنز بنائے۔محمد سمیع نے چار اورز میں36 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ،وہاب ریاض نے 38 رنز دے کر دووکٹیں لیں۔پاکستانی ٹیم نے جب اپنی اننگز کا آغاز کیا تو احمد شہزاد اور احمد مختار کی بیٹنگ نے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف 19اعشاریہ 3 اوورز میں پانچ وکٹ پر حاصل کیا۔83 رنز بنا کر احمد مختار مین آف دی میچ قرار پائے۔

جہاں شائقین کرکٹ اسٹیڈیم اور گھروں میں اس میچ سے لطف اندوز ہوئے ،وہاں سوشل میڈیا پرٹوئپس پل پل ٹوئٹس کرکے اپنی خوشی کا اظہار کرتے رہے۔وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے ٹوئٹ کیا، دہشت گردی سے ستائے لوگوں اور شہروں کو واپس نارمل زندگی کی طرف جاتا دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے ۔جے یو آئی کے رہنما جان اچکزئی نے ٹوئٹ کیا ،ویل ڈن پاکستان اور شاباش ٹیم زمبابوے انکی ٹیم نے بھی اچھا کھیلا۔ایم پی اے حنا بٹ حیات نے ٹوئٹ کیا آج پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کا بڑا دن ہے۔ایم این اے اسد عمر نے ٹوئٹ کیا ، لالا نے ایک شاٹ میں دل خوش کردیا ایک بار پھر یاد دلایا کہ مرا ہوا ہاتھی بھی سوا لاکھ کا ہوتا ہے۔ ایم این اے مایزہ حمید نے ٹوئٹ کیا۔

پاک خون شہیداں کی ہم کو قسم

پھول ہر سو امن کے کھلائیں گے ہم

میچ سے قبل اور فتح کے بعد بھی کھلاڑیوں اور سابق سینئر کھلاڑیوں نے بھی ٹوئٹ کیے شعیب ملک نے ٹویٹ کیا یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں گرین کٹ میں ملبوس ہوں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ انٹرنشل کرکٹ آج پھر سے پاکستان میں بحال ہوگئی۔احمد شہزاد نے ٹوئٹ کیا ہر دکھ کے بعد سکھ آتا ہے اور آج پاکستان میں یہ ثابت ہوگیا الحمد اللہ آج پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگئی۔عمر اکمل نے ٹوئٹ کیا شائقین کا شکریہ جنہوں نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا اور ہم پر اعتماد کرنے کے لیے شکریہ زمبابوے۔سعید اجمل نے ٹوئٹ کیا ہم زمبابوے کو خوش آمدید کہتے ہیں ہماری قوم کرکٹ سے محبت کرتی ہے۔ وسیم اکرم نے ٹوئٹ کیا ،کیاشائقین ہیں، کیا ٹیم ہے، کیا ملک ہے اور کیا جیت ہے کرکٹ واپس پاکستان آگئی۔

فنکار اور گلوکار بھی ہرے رنگ کے ملبوسات میں ملبوس ہوکر شائقین کرکٹ کا جذبہ بڑھاتے رہے اور ٹوئٹ کرتے رہے۔گلوکار کیو بی نے ٹوئٹ کیا کرکٹ سے محبت پاکستانیوں کے خون میں ہے۔میرا ہاشمی نے ٹوئٹ کیا کہ آج پاکستان جیتا ہے ہر دہشت گرد سے ہر طالبان کے حامی سے ۔ اداکارہ مائرہ خان نے ٹوئٹ کیا چھ سال بعد کرکٹ ملک میں واپس آیا مجھے امید ہے سب اچھا ہوگا۔اداکار عدنان ملک نے ٹوئٹ کیا 30ہزار لوگ ایک ساتھ اسٹیڈیم میں ترانہ پڑھ رہے ہیں پاکستان زندہ باد۔

سینئر صحافی حامد میر نے ٹوئٹ کیا آج پاکستان اور زمبابوے نے مل کر قذافی اسٹیڈیم میں دہشت گردی کو شکست دی۔نیوز کاسٹر رابیعہ انعم نے ٹوئٹ کیا، پاکستان جیت گیا اور دہشت گردی ہار گئی۔صحافی فیضان لاکھانی نے ٹوئٹ کیا تو آج پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ایک بار پھر سے بحا ل ہوگیا۔صحافی نوشین یوسف نے ٹوئٹ کیا، شکریہ زمبابوے آپ کی ٹیم کے پاکستان آنے کی وجہ سے آج پاکستانی شائقین کے چہروں پر خوشی ہے۔رائٹر سمیع چوہدری نے ٹوئٹ کیا اوئے آئی سی سی، ہن آرام اے۔فکشن رائٹر مبشر علی زیدی نے ٹویٹ کیا ،زمبابوے نے دل جیت لیا اور پاکستان نے میچ جیت لیا۔براڈکاسٹر نازیہ میمن نے ٹوئٹ کیا آج پاکستان نے عمدہ کارکردگی دکھائی بہترین بیٹنگ۔

مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بھی ٹوئٹ کرتے رہے اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی اور پاکستان کی جیت کو سراہتے رہے۔جاوید آفریدی نے ٹوئٹ کیا شکر الحمد اللہ آج پاکستانیوں کے مسکراتے چہروں کے ساتھ حالات نارمل کی طرف لوٹ آئے۔صہیب اظہر نے ٹوئٹ کیا،شکریہ زمبابوے شکریہ پی سی بی آج چھ سال بعد کرکٹ پاکستان واپس آئی۔افشاں منصب نے ٹوئٹ کیا، زمبابوے کی ٹیم کی حفاظت پر مامور پنجاب پولیس زندہ با،د دوسرے ٹوئٹ میں کہا میچ کوئی بھی جیتے اصل فتح کھیل ،مسکراہٹ اور پاکستان کی ہوئی۔ ہاری ہے تو دہشت اور ہارا ہے تو دشمن۔ جمیل قاضی نے ٹوئٹ کیا مختار اور شہزاد کی اننگز نے اکتوبر 1997 میں قذافی اسٹیڈیم کے پاک بھارت میچ میں آفریدی اور اعجاز کی اننگز یاد دلا دی۔نومی فہیم نے ٹوئٹ کیا پاکستان ٹیم اور تمام کرکٹ لورز کو کرکٹ کی پاکستان واپسی اور ہوم گرئوانڈ پر فتح مبارک ہو۔

کچھ ٹوئپس مزاحیہ ٹوئٹس بھی کرتے رہے ،سرفراز احمد نے کہا کہ خادم اعلیٰ نے لاہور سے زمبابوے تک فلائی اوور بنانے کا اعلان کردیا۔محسن حجازی نے ٹوئٹ کیا موقع ہے اب تو مشہور بھی ہے زمبابوے کے تمام کھلاڑیوں کو رعایتی نرخوں پر پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی دی جاسکتی ہے۔حیدر نقوی نے ٹوئٹ کیا جس طرح لاہوری قذافی اسٹیڈیم پہنچ رہے ہیں لگتا ہے میچ کے بعد کھانے کا بھی انتظام ہے۔آم اچار نے ٹوئٹ کیا ،شاباش مختار احمد جیو اور جیتے رہو شہزادے۔اریب نے ٹوئٹ کیا ،میں حیران ہوں احمد شہزاد اتنی دیر بنا سیلفی لیے کیسے گرائونڈ میں کھڑا رہے۔
Javeria Siddique writes for Jang

twitter@javerias

– See more at: http://blog.jang.com.pk/blog_details.asp?id=10854#sthash.FEBAtDTj.dpuf