Posted in ArmyPublicSchool

اسحاق امین شہید

Posted On Thursday, February 26, 2015   ….. جویریہ صدیق…..
آرمی پبلک اسکول کا ایک اور پھول مرجھا گیا۔میاں اسحاق امین اپنے بھائی میاں عامر امین کے ساتھ معمول کے مطابق آرمی پبلک سکول و کالج ورسک روڈ کےلیے روانہ ہوا۔16دسمبر کو دونوں ہی بھائیوں کا پرچہ تھا۔اسحاق سیکنڈ ائیر پری میڈیکل اور میاں عامر سیکنڈ ائیر پری انجینئرنگ کا طالب علم تھا۔دونوں اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ پیپر دینے میں مشغول تھے کہ دہشت گردوں کا حملہ ہوگیا۔دونوں ہی بھائیوں کو شدید زخمی حالت میں سی ایم ایچ پہنچایا گیا۔اسحاق کو جبڑے اور بازو پر گولی لگی جبکہ عامرکو پیر اور کندھے پر گولیاں لگیں۔والدین پہلے تو اپنے بچوں کو ڈھونڈتے رہے لیکن اسکول میں انہیں نا پا کر اسپتال کا رخ کیا۔دونوں بچوں کا علاج چلتا رہا۔پاک آرمی کے چیف راحیل شریف کے احکامات پر سی ایم ایچ میں تمام بچوں کے علاج کو مفت کردیا گیا،لیکن کچھ بچوں کی تشویش ناک حالت پر نو تاریخ کو میڈیکل بورڈ بیٹھا اور یہ فیصلہ ہوا کہ30 بچوں کو کراچی آغا خان اسپتال بھجوایا جائے گا، ان بچوں میں اسحاق اور عامر بھی شامل تھے۔

وقت گزرتا گیا لیکن خیبر پختون خوا کی حکومت نے بچوں کے علاج معالجے کے لیے امدای چیک دینے میں تاخیر کی تو شہداء فورم نے خود ہی اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو کراچی بھجوانے کے انتظامات کر لیے اور26بچے کراچی چلے گئے۔لیکن ڈاکٹرز نے تین بچوں کو سفر سے روک دیا کیونکہ ان کی حالت تشویشناک تھی جن میں اسحاق،انصار اور ولید شامل تھے۔اسحاق کے جبڑے میں گولی تھی جس کے باعث اس کے دماغ میں ائیر ببل بن گیا اوروہ بینایی سے محروم ہونے کے بعد کوما میں چلا گیا۔والدین کو امید تھی کہ خیبر پختون خوا کی حکومت زخمی بچوں کے علاج میں دلچسپی دکھائے گی لیکن ایسا نا ہوا اور اسحاق21 فروری کو سی ایم ایچ میں دم توڑ گیا۔

اسحاق امین پری میڈیکل کا طالب علم تھا ۔چھٹی جماعت سے آرمی پبلک اسکول میں زیرتعلیم تھا ۔ہمیشہ سے اسکو یہی شوق تھا کہ وہ آرمی ڈاکٹر بنے گا۔اس لیے پری میڈیکل میں ایڈمیشن لیا، منزل اس کے سامنے تھی لیکن 16 دسمبر دہشت گردوں نے اس کے تمام خواب چکنا چور کردئیے اور وہ دو ماہ سے زائد موت سے جنگ لڑنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔اسحاق کے والد میاں امین کہتے ہیں کہ ان کے چار بیٹے ہیں جن میں سے دو آرمی پبلک اسکول و کالج میں سیکنڈ ائیر کے طالب علم تھے ۔ پشاور سانحے میں ان کے دونوں بیٹے شدید زخمی ہوئے جس میں سے اسحاق چل بسا اور عامر کی حالت تشویشناک ہے۔ان کے مطابق اس مشکل کی گھڑی میں آرمی چیف اور پشاور کے کور کمانڈر نے ان کا ساتھ دیا لیکن وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ اور صوبائی حکومت کے رویے نے انہیں شدید مایوس کیا، انہوں کہا کہ میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے بھی ناراض ہوں۔ میرا جوان بیٹا چلا گیا میرے گھر میں قیامت برپا ہے، میرا دل غم سے پھٹ رہا ہے لیکن میرے دلجوئی کے لیے کوئی نا آیا،تاہم مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے کہ اسے شہادت نصیب ہوئی اور اس نے اپنی جان پاکستان کے لیے قربان کی۔

اسحاق کے بھائیوں وقار اور اسفند یار کے مطابق اسحاق بہت زندہ دل تھا گھر میں وہ ہمیشہ امی کا ہاتھ بٹاتا تھا ۔اس کے ساتھ ساتھ محلہ داروں اور رشتہ داروں کی مدد میں پیش پیش رہتا۔ہم سب جب ٹی وی دیکھ رہے ہوتے تو وہ کچن میں امی کے ساتھ رات کے کھانے میں مدد کرتا کبھی سلاد بنا لیتا تو کبھی رائتہ۔اس کو ہمیشہ اس بات کا خیال رہتا کہ ہمارے کاموں کا زیادہ بوجھ ہماری والدہ پر نا پڑے۔اسحاق کا چلے جانا ان کے لے بہت بڑا سانحہ ہے۔دہشتگردی کے اس واقعے نے ان کا زندہ دل ہنستا مسکراتا بھائی ان سے چھین لیا۔اب ہمیں اپنے دوسرے بھائی عامر کی فکر لاحق ہے کہ اسکا علاج صیح طریقے سے ہوجائے کیونکہ اس کی حالت بھی غیر تسلی بخش ہے۔

اسحاق شہید کے والد میاں امین نے کہا کہ میرے جوان بیٹے نے اپنی جان اس وطن پر نثار کردی لیکن اس قربانی کو زندہ رکھنے کے لیے ہمیں متحد ہونا ہوگا ۔ہمیں کسی کے ڈر سے بھی اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے سے روکنا نہیں چاہیے ۔پاکستان کے سب بچوں کو چاہیے کہ وہ سب دل لگا کر پڑھیں اپنے استاتذہ کا احترام کریں۔ہم دہشت گردی انتہا پسندی کو صرف تعلیم سے ہی شکست دے سکتے ہیں۔

شہدا وغازی فورم پشاور کے سیکریٹری ابرار احمد یوسف زئی کے مطابق اس وقت26 بچوں کو ہم علاج کے لے کراچی آغا خان بجھواچکے ہیں خیبر پختون خوا کی حکومت نے ہمیں بہت تاخیر کرکے امدادی چیک دئیے جس میں سے آدھے تاحال کیش نہیں ہوسکے ۔ہم نے اپنی آپ مدد کے تحت پیسے جمع کرکے بچوں کو کراچی بھجوایا اور ان کے علاج کے ابتدائی پیسے بھی خود فورم نے جمع کروائے۔ابرار احمد کے مطابق دو بچے ولید اور انصار اب بھی پشاور میں ہی ہیں کیونکہ ان کی حالت ایسی نہیں تھی کہ وہ ہوائی سفر کرسکتے۔ان کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومت بچوں کے علاج میں دلچسپی دکھائے تاکہ زخمی بچوں کی حالت مزید بگڑنے سے روکی جاسکے۔شہدا وغازی فورم کے صدر عابد بنگش نے کہا کہ کراچی میں بچوں کے لیے آغا خان میں بہترین انتظامات کیے گے ہیں اور وزیر صحت سندھ اور ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے بھی ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔

اسحاق امین تو اس دنیا سے شہادت کا درجہ پا کر رخصت ہوگیا لیکن اس کے لواحقین بہت کرب سے گزر رہے ہیں ایک جوان بیٹا دنیا سے چلا گیا دوسرااسپتال میں موجود ہے تو ان والدین پر کیا بیت رہی ہو کوئی بھی حساس طبیعت کا مالک شخص اس بات کا اندازہ لگا سکتا ہے۔ارباب اختیار کو یہ بات سوچنا ہوگی کہ اب بھی وہ صرف سیاست برائے سیاست کرتے رہیں گے یا سیاست برائے خدمت بھی کریں گے۔

وفاق اور صوبائی نمائندوں کو چاہیے کہ شہدا آرمی پبلک سکول کے لواحقین کی داد رسی کریں،جو بچے زخمی ہیں وہ بچے پاکستان کے بہادر غازی ہیں ان کی علاج معالجے کے لیے اگر انہیں حکومتی خرچ پر باہر بھی بھیجنا پڑے تو دریغ نا کریں۔اپنے سرکاری بابوئوں کو احکامات جاری کریں کہ فائلیں ادھر ادھر گھمانے سے پرہیز کریں اور زخمی بچوں کے علاج کے لیے فنڈز جاری کریں۔ایک ایک گزرتا لمحہ کہیں زخمی بچوں کو زندگی سے دور نا کردے۔دکھی ماں باپ کے غموں کا کچھ تو احساس ہو سیاست تو ہوتی رہے گی تھوڑی عوام کی خدمت بھی ہوجائے ۔وزیر اعظم نواز شریف کو خود چاہیے کہ اس معاملے میں وہ دلچسپی لیں، وہ اس ملک کے وزیر اعظم ہیں اگر بچوں کو امدادی چیک پہلے ہی مل جاتے تو شاید آج اسحاق امین ہم سب کے درمیان موجود ہوتا۔اس وقت آرمی پبلک اسکول کےشدید زخمی بچے صوبہ سندھ میں موجود ہیں ،گورنر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ان بچوں کے علاج پر فوری توجہ دینا چاہیے اور زخمی بچوں کے لیے فنڈز مختص کرنا چاہیے تاکہ یہ بچے زندگی کی طرف واپس لوٹ سکیں ۔
Javeria Siddique writes for Jang
Twitter @javerias   – See more at: http://blog.jang.com.pk/blog_details.asp?id=10693#sthash.eLSJxASM.dpuf

Posted in ArmyPublicSchool, Pakistan

پشاور کے بچوں کے لہو پر سیاست

  Posted On Thursday, January 15, 2015   …..جویریہ صدیق…….
کسی بھی انسان کا سب سے قیمتی اثاثہ اس کے بچے ہوتے ہیں۔ماں اپنی کوکھ میں نو ماہ رکھ کر بچے کو پیدا کرتی ہے تو ورثا بچے کی آمد پر پھولے نہیں سماتے ۔ بچے کے ناز نخرے اس کی کلکاریاں اس کی شرارتیں بس خاندان بھر کی توجہ کا مرکز بن جاتی ہیں۔اگر بچہ کو ہلکی سی بھی چوٹ لگ جایے یا معمولی سی بیماری آجایے تو ماں کے دل پر جو قیامت بیتی ہے اس کا حال صرف ماں ہی بیان کرسکتی ہے۔باپ بھی اتنی ہی شفقت بچے کو دیتا ہے جتنی ماں بچے کو محبت دیتی ہے۔دونوں کی کوشش ہوتی ہے بچے کو ایک ہلکی سی خراش بھی نا پہنچے۔
آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے بچے بھی اپنے والدین کی آنکھوں کا تارہ تھے ان کے دل کا قرار اور زندگی کا کل اثاثہ ۔موت طالبان کی صورت میں آئی اور بچوں کے ساتھ وہ حیوانیت برتی گی کہ ظلم و بربریت کی ایسی مثال پہلے ملتی ہی نہیں۔مائوں نے اپنے جیتےجاگتے شہزادے سکول بھیجے تھے جب واپس ملے تو کسی کے چہرے پر گولیاں تھیں کسی کا گلا کاٹ دیا گیا تھا کسی پھول کا جسم گولیوں سے چھلنی ملا تو کسی تو جلا دیا گیا تھا۔پشاور کی مائیں روتی رہیں چیختی رہیں لیکن ان کے ہنستے کھیلتے بچے تابوتوں میں بے جان پڑے تھے۔مائیں ان کا نام لیتی رہی ان کو اٹھنے کا کہتی رہیں لیکن جنت کے پھول تو واپس جنت جا چکے تھے۔
اس سانحے کے بعد امید تھی کی سیاسی قیادت ایک ہوجائے لیکن ایسا نا ہوا کچھ دن سوگ کا لبادہ اوڑھے رکھنے کی بیکار کوشش کے بعد وہ ہی آپس کے الزامات،طعنے،لڑائی کی سیاست کا آغاز کردیاگیا۔اس دوران لواحقین کو یکسر فراموش کردیا۔پہلے ایک دو دن تو فوٹو شوٹ کے لیے مرکزی اور صوبائی حکومتی ارکان کے وزٹ ہوتے رہے اس کے بعد وہ ہی دھاندلی دھاندلی کا واویلا شروع ہوگیا۔پھر انقلابی لیڈر کی شادی آگئی۔لواحقین اگر یاد رہے تو صرف آرمی کو لواحقین کے مطابق ٰصرف آرمی کے نمائندے ہماری دلجوئی کرنے آئے۔انہیں گلہ ہے اس بات کا جب سیاسی جماعتوں کو ووٹ دیے وہ کیوں نا آئے۔
12 تاریخ سے آرمی پبلک سکو ل اور ملک کے تمام سکولوں میں تدریس کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ۔تمام پاکستان کو اس وقت خوش گوار حیرت ہوئی جب بچوں کو پاکستان کے آرمی چیف راحیل شریف نے خود جا کر ریسو کیا۔اپنی اہلیہ کے ساتھ بچوں کی اسمبلی میں شرکت کی۔ سب بچوں سے ملے ان کا حوصلہ بڑھایا۔لواحقین منتظر رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کب آئیں گے، تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کب آئیں گے، پی پی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری کب آئیں گے لیکن کوئی نا آیا۔جب میڈیا پر بہت شور مچ گیا۔تو عمران خان جن کی پارٹی کی خیبر پختون خواہ میں حکومت ہے یہ کہا کہ ہمیں منع کیا گیا تھا کہ پہلے دن آرمی کا فنکشن ہے آپ مت آئیں۔مسلم لیگ ن نے تو وضاحت دینا بھی ضروری نا سمجھا یہ ہی حال پی پی پی کا ہے۔
14 جنوری کو تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اکیس گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ آرمی پبلک سکول پہنچے۔ان کی آمد پر سیکورٹی پر مامور پولیس نے شہدائے سانحہ پشاور کے لواحقین سے بدتمیزی کی ، انہیں دھکے دئیے اور برا بھلا کہا۔شہدائے پشاور کے نیم زندہ والدین اس بات پر احتجاج کرنے لگے اور گو عمران گو کے نعرے لگائے۔اسفند یار شہید کی والدہ دہائی دیتی رہیں کہ یہ سیاستدان کیسے ہمارے ساتھ ہیں ؟ ہم تڑپ رہے ہیں یہ شادی کررہے تھے یہ صرف باتیں کرتے ہیں ہمارے لیے تبدیلی کی لیکن اصل میں ان کے یہاں آنے کامقصد صرف فوٹو شوٹ تھا۔احسان شہید کی والدہ بھی روتی رہیں اور کہتی رہیں عمران خان ، نواز شریف، آصف علی زرداری ہمارے دو دو بیٹے چلے گئے اور آپ سب کو احساس ہی نہیں۔
آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں کی مائیں دہائیاں دیتی رہیں، روتی رہیں اور پشاور پولیس پروٹوکول کے نام پر ان کو دھکے دیتی رہی، خیبر پختون خواہ حکومت کے نمائندے انہیں برا بھلا کہتے رہے۔مائیں یہ پوچھتی رہیں کہ ہمارے بچوں کا چالیسواں بھی نہیں ہوا اور یہ سیاستدان خوشی کے شادیانے بجاتے رہے۔16 دسمبر کے بعد سے ہمیں تنہا چھوڑا ہوا ہے ۔اب ہمارے بچوں کی لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لیے آئے ہیں اور کچھ نہیں ان کا مقصد۔
عمران خان کے خلاف احتجاج پر صوبائی وزیر خیبر پختون خواہ مشتاق غنی نے یہ الزام عائد کردیا کہ احتجاج کرنے والے پلانٹڈ تھے اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ سمجھ نہیں آرہا کہ والدین نے احتجاج کیوں کیا ؟ اسکول آرمی کا ہے،صوبہ کے چیف پرویز خٹک ہیں تو میری آمد پر احتجاج کیوں ؟انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ مجھے بھی والدین نہیں لگے اس کے بعد انہوں نے پھر چار حلقے اور دھاندلی کی گردان شروع کردی۔
عابد رضا بنگش جن کے اپنے بیٹے رفیق بنگش نے آرمی بپلک سکول میں شہادت پائی اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ خیبر پختون خواہ کی حکومت نے انہیں یکسر فراموش کردیا ہے اور اب اوپر سے یہ بھی الزام عائد کیا جارہا ہے کہ احتجاج کرنے والے والدین نقلی تھے،ان کے مطابق اگر یہ بات ثابت ہوگی تو وہ شہدا فورم کو ختم کردیں گے۔
آج جو بھی ہوا بہت افسوس ناک ہے شہید ہونے والے پھولوں کی لاشوں پر سیاست کی کوشش،بچوں کے لواحقین کو نقلی کہنا ان کو پولیس کے ہاتھوں سے ذلیل کروانا ہمارے سیاست دان کہاں جا رہے ہیں ۔نیم مردہ والدین جن کی زندگی تو قبر میں دفن ہوگی، ان والدین پر تشدد کرنے کا کیا جوازہے جن کے بچے چلے گئے ،کیا وہ خیبر پختون خوانئےپاکستان میں احتجاج بھی نہیں کرسکتےِ ؟کیا ہمارے سیاستدانوں اور انتظامیہ میں سے انسانیت ختم ہوگی ہے ؟ آج کے واقعے کے بعد آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں کے والدین نے مطالبہ کیا کہ ان پر تشدد کرنے والے ایس ایس پی آپریشن اور ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور صوبائی حکومت میں ذمہ دار افراد مستعفی ہوں۔
سیاست دانوں کے لیے یہ لمحہ فکریہ کہ سیاست برائے سیاست سے کہیں وہ عوام میں اپنی مقبولیت کھو نا دیں۔ کھوکھلے وعدے اور نعرے انقلاب بہت عرصہ تک عوام کو دلاسا نہیں دے سکتے۔اگر عوام کے لیے کچھ کرنا ہی ہےتو تمام سیاست دان سیاست برائے خدمت کریں۔عوام کے مفاد میں سیاست کی جائے اپنی ذاتی چپقلش اور عناد کو ایک طرف رکھ تمام سیاستدانوں کو دہشت گردی کے ستائے عوام کی داد رسی کے لیے فوری اقدام کرنا ہوں گے،ورنہ پاکستان کی آئندہ نسلوں کے سامنے یہ سر اٹھا کر نہیں چل سکیں گے۔
Javeria Siddique writes for Daily Jang
Contact at https://twitter.com/#!/javerias
– See more at: http://blog.jang.com.pk/blog_details.asp?id=10579#sthash.POoZxwGG.dpuf

Posted in ArmyPublicSchool

شہیدصائمہ طارق جرات وعظمت کی مثال

10891447_500767603397936_768906388404956407_n

…جویریہ صدیق..….

گھر سے باہر جو پہلا رشتہ کسی بھی بچے کا ماں باپ کے بعد قائم ہوتا ہے وہ ہے استاد اور شاگرد کا رشتہ۔استاد کو روحانی ماں باپ کا درجہ حاصل ہے۔بچہ ماں کی گود سے نکل کر جب درسگاہ آتا ہے تو اس کی شخصیت کو بنانے میں اساتذہ کرام کا سب سے بڑا ہاتھ ہوتا ہے۔بچہ جب تین سال کی عمر میں اسکول پہنچتا ہے تو روتا ہے مچلتا ہے کہ ماں باپ کے بنا اسے کہیں بھی نہیں رہنا وہ بار بار روتا ہے اور گھر جانے کی ضد کرتا ہے لیکن استاد اس بچے کا ننھا منا ہاتھ پکڑ اسے درسگاہ میں لا تا ہے وہ ایک شفقت بھرا لمس بچے کو غیر مانوس جگہ سے انسیت پیدا ہونے میں مدد دیتا ہے۔ استاد ہرجگہ بچے کا مددگار ہوتا انہیں لکھنا سکھاتا ہے، پڑھنا دین کی سمجھ دنیوی تعلیم اور معاشرے میں جینے کا طریقہ اور آگے چل کر یہ ہی استاد بچوں کو ترقی کرتا دیکھ کر فخر کرتے ہیں۔
آرمی پبلک اسکول میں بھی گیارہ سو سے زائد بچے ایسے ہی استاتذہ کے زیر چھائوں تعلیم حاصل کرنے میں مگن تھے۔جب والدین صبح اپنے بچوں کو اسکول چھوڑ کرجاتے تو یہ استاتذہ مسکراتے ہوئے بچوں کا استقبال کرتے۔ کتنے ہی چھوٹے چھوٹے بچے جب صبح ماں کے پہلو کے ساتھ چپک کر روتے تو یہ ہی استاتذہ اپنے ہاتھوں سے ان کے آنسو پونچھ کر گلے لگاتے اور تسلی دیتے کہ وہ سکول میں اکیلے نہیں ان کے لیے پیار شفقت تعلیم سب ہی کچھ موجود ہے۔نوجوانی کی دہلیز پر قدم رکھنے والے بچے تو اب استاتذہ کے دوستوں میں شمار ہوتے ۔ان کی تعلیم سے لے کر ان کے غیر نصابی مشاغل میں استاتذہ ان کے ہم قدم ان کی رہنمائی کرنے لیے موجود۔
اس ہی اسکول میں ایک ہر دل استاد صائمہ طارق بھی تھیں۔جنہوں نے اساتذہ کی تاریخ میں رحم دلی پیار محبت ایثار کی نی داستان رقم کر ڈالی۔آٹھویں کلاس کی ٹیچر جن کے ذمہ تمام سکیشنز کی انگریزی کی کلاس تھی۔صائمہ طارق شہید مردان سے تعلق رکھتی تھیں اور بی اے کرنے کے بعد ہی تدریس کا عمل شروع کردیا۔تدریس کے ساتھ تعلیمی سلسلہ بھی جاری رکھا پہلے انگریزی ادب میں ایم اے کیا اور بعد میں ایجوکیشن میں ایم فل۔انیس سو اٹھانوے سے تدریس کا آغاز کیا اور مردان کے عزیز بھٹی شہید اسکول میں پندرہ سال تعلیم کی روشنی بانٹتی رہیں۔پاک فوج کے بریگیڈیر طارق سعید کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں اور شادی کے بعد بھی تدریسی عمل ترک نا کیا۔اپنے شوہر کی ٹرانسفر کی وجہ سے پشاور میں سکونت اختیار کی اور چھبیس اکتوبر کو آرمی پبلک سکول ورسک روڈ جوائن کیا۔
جلد ہی صائمہ طارق کا شمار آرمی پبلک سکول ورسک روڈ میں زیرتعلیم بچوں کی ہر دلعزیز ٹیچر میں ہونے لگا آٹھویں جماعت کی کلاس ٹیچر ہونے کے ساتھ دیگر سکشینز کو انگریزی پڑھانے کا ذمہ بھی انہیں ملا۔صائمہ طارق نے ایم فل کے بعد پی ایچ ڈی کرنے کا ارادہ کیا تو بریگیڈیر طارق سعید نے انہیں کچھ عرصہ تدریسی عمل سے بریک لینے کا مشورہ دیا لیکن انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں گھر اسکول اور تعلیم کا سلسلہ آرام سے ہینڈل کر لو ںگی آپ فکر نا کریں ۔سولہ دسمبر کی صبح صائمہ طارق تہجد کی نماز پڑھنے کے بعد طالب علموں کی کاپیاں چیک کرنے لگیں ،کچن کے ضروری کاموں کو انجام دینے کے بعد اسکول کے لیے روانہ ہوگئیں ۔اہل خانہ کے مطابق گھر میں ملازمین ہونے کے باوجود وہ گھر کے سب کام خود کرنا پسند کرتی تھیں۔تہجدکے ساتھ ساتھ پانچ وقت کی نماز باقاعدگی سے پڑھا کرتی تھیں۔
اسکول میں تدریسی عمل کا آغاز ہوا اور صائمہ طارق کی کلاس نے ہال میں آرمی میڈیکل کور سے ابتدائی طبی امداد کی ٹرینگ لینا تھا۔صائمہ طارق تمام بچوں کو لے کر ہال میں گئیں اور نویں کلاس کے طالب عملوں نے بھی انہیں جوائن کرلیا۔تمام بچے اپنے استاتذہ کے ساتھ ہمہ تن گوش تھے اور ابتدائی طبی امداد سیکھنے لگے۔کسی زی روح کے گمان میں بھی یہ نا تھا کہ موت کے کالے سائے ان کی طرف بڑھ رہے ہیں۔اسکول میں فرسٹ ائیر سکینڈ ائیر کا پرچہ بھی تھا۔تدریسی عمل معمول کے مطابق جاری تھا کہ عینی شاہدین کے مطابق اچانک اسکول سے فائرنگ کی آوازیں آنے لگیں۔معصوم بچے سہم گئے اور استاتذہ نے ہال کے دروازے بند کردیے تاکہ بچے محفوظ رہ سکیں۔
لیکن ایسا نا ہوسکا طالبان نے ہال کے دو داخلی دروازے توڑ دیے اور موت بن کر بچوں پر گولیاں برسانا شروع کردیں۔ہال میں موجود ٹیچرز نے ہمت نا ہاری اور دہشت گردوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن گئیں۔انہوں نے بچوں کو ہال سے بھاگنے کے لیے کہا تاکہ بچے اپنی جان بچاسکیں لیکن ظالم دہشت گردوں نے ہال میں موجود صائمہ طارق پر کیمیکل پھینک کر انہیں زندہ جلا دیا اور سحر افشاں ،سیدہ فرحت کو گولیاں مار کے شہید کیا گیا ،ان خواتین استاتذہ کے آخری الفاظ یہ ہی تھے کہ بچوں جائو اپنی جان بچائو متعدد بچے ہال سے نکلنے میں کامیاب بھی ہوگئے لیکن شہید صائمہ طارق،شہید سیدہ فرحت اور شہید سحر افشاں سمیت ایک سو پچاس افراد جن میں بیشتر بچے تھے اس دہشت گردی کے واقعے میں جام شہادت نوش کیا۔
آرمی کی کوئیک رسپانس ٹیم اور ایس ایس جی کمانڈو پندرہ منٹ کے اندر اندر سکول پہنچے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا لیکن دہشت گرد کسی کو یرغمال بنانے نہیں آئے تھے ان کا مقصد صرف خون کی ہولی کھیلنا تھا۔آرمی پبلک اسکول کی پرنسل طاہرہ قاضی،استاتذہ اور 135 پھولوں نے اس سانحے میں شہادت پائی۔یوں ان سب نے بہادری اور جرات کی وہ داستان رقم کی ہے جو تا قیامت یاد رکھی جائے گی۔
صائمہ طارق شہید کو جب مردان میں دفن کیا گیا تو ان کے شاگرد دھاڑیں مار مار کر روتے رہے پندرہ سال مردان کے عزیز بھٹی شہید اسکول میں وہ ایک نسل کو تعلیم سےلیس کرگئی تھیں۔ ایک شاگرد کا تو یہاں تک کہنا تھا کہ میں اپنی پیدا کرنے والی ماں کو تو بھول سکتا ہوں لیکن اپنی روحانی ماں صائمہ طارق کو کبھی فراموش نہیں کرسکتامیں آج جو کچھ ہوں اپنی استاد شہید صائمہ کی وجہ سے ہوں۔آرمی پبلک اسکول ورسک روڈ کے طالب علموں کا کہنا تھا کہ صائمہ طارق کا شفیق چہرہ ہم کبھی بھول نہیں سکتے ہیں اللہ نے ہماری میم کو شہادت جیسے بڑے رتبے پر فائز کیا ہے اور ہماری حکومت سے درخواست ہے کہ ان سمیت ہمارے دیگر شہید ہونے والے استاتذہ کو بہادری کے تمغوں سے نوازا جائے۔
صائمہ طارق کے گھر والوں کا صبر کا قابل دید ہے ان کے شوہر بریگیڈیر طارق سعید ان کے بچے اور خاندان کے دیگر لوگ صائمہ طارق کی بہادری پر نازاں ہیں کس طرح اپنی جان کی پرواہ نا کرتے ہوئے روحانی ماں نے اپنے شاگردوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی۔اہل خانہ کے مطابق صائمہ بہت ہی ملنسار اور رحم دل شخصت کی مالک تھیں ان کی زندگی کا نصب العین صرف اور صرف بچوں میں علم کی روشنی بانٹنا تھا۔وہ صوم وصلوٰــۃ کی پابند تھیں اور بچوں کو بھی دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دین اسلام پر عمل کرنے کی تلقین کرتی تھیں۔صائمہ شہید گھریلو کاموں میں بھی بہت دلچسپی لیتی تھیں اور خاص طور پر نت نئے کھانے بنانے کا شوق رکھتی تھیں۔اہل خانہ کے مطابق صائمہ شہید فوٹوگرافی کی بہت شوقین تھیں فون سے تصاویر لینے میں ماہر تھیں اس کے ساتھ ساتھ کیمرے سے بھی لمحات کو قید کرنے کی شوقین تھیں۔
صائمہ طارق کے اہل خانہ کے مطابق تصاویر کا ایک بہت بڑا ذخیرہ تو صائمہ کے ساتھ ہی چلا گیا جوکہ ان کے فون میں موجود تھا لیکن ان کے لکھے ہوئے مضامین اور افسانے گھر کے کمپیوٹر میں محفوظ تھے جوکہ اب ان کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔صائمہ طارق کے اہل خانہ کے مطابق ان کا پاکستان کے رہنے والوں کے لیے یہ ہی پیغام ہے ہمیں صائمہ طارق شہید اور دیگر شہدا کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دینا ہم سب کو مل کر دہشت گردی کے خلاف جہدوجہد کرنا ہوگی اور اس سوچ کو شکست دینا ہوگی جو دہشت گردی کو اس ملک میں پروان چڑھا رہی ہے۔ہمیں فخر ہے کہ صائمہ طارق نے اپنے شاگردوں کو بچاتے ہوئے اس ملک اور اپنے روحانی بچوں کے لیے جان قربان کی۔

آتش و دہن میں کھڑی تھی تو
گلشن کے تحفظ میں کڑی تھی تو
درندے گھس آئے تھے وہاں
معصوم کلیوں کا تھا جو گلستاں
استاد بڑے شجیع ہوتے ہیں
سمندر جیسے وسیع ہوتے ہیں
شہید ہو کر امر ہوئی
وحشت پر ممتا لے گئی بازی

Javeria Siddique

Contact at https://twitter.com/#!/javerias

Posted On Monday, December 22, 2014

– See more at: http://blog.jang.com.pk/blog_details.asp?id=10466#sthash.C8ypURJ2.dpuf

Posted in ArmyPublicSchool, Pakistan

پشاور میں قیامت صغریٰ

  Posted On Tuesday, December 16, 2014   ………جویریہ صدیق………
پشاور میں 16دسمبر کی صبح کتنی ہی ماؤں نے اپنے جگر گوشوں کو اٹھایا ہوگا کہ بیٹا اٹھ جاؤ ہاتھ منہ دھو لو، میں ناشتہ بنا رہی ہوں اور کتنے ہی بچوں نے نرم گرم بستر کو چھوڑنے سے انکار کیا ہوگا۔ سردیوں کی صبح اٹھنا کتنا مشکل ہوتا ہے نا؟؟ بہت سے ماؤں نے پیار سے ناشتہ بستر میں ہی اپنے بچوں کو کروا دیا ہوگا۔ اپنے ہاتھ سے نوالے کھلائے ہوں گے۔ کتنے ہی بچوں نے ناشتہ نہ کرنے کی ضد کی ہوگی لیکن مامتا کے آگے کون جیت سکتا ہے؟ کسی ماں نے اپنے لال کو پراٹھا انڈا کھلایا ہوگا کسی ماں نے جیم بریڈ اور چائے کسی بچے نے صبح توس کھانے کی فرمائش کی ہوگی، کسی نے کہا ہوگا امی مجھے صرف دودھ چاہیے اور کچھ نہیں۔ یوں ضد لاڈ میں بچے تیار ہوئے ہوں گے۔ماؤں نے اجلے یونیفارم خود پہنائے ہوں گے، موزے جوتے بھی۔ کچھ بچوں نے کہا ہوگا کہ امی میں اب بڑا ہوگیا ہوں میں خود پہن سکتا ہوں، آپ کیوں میرے کام کرتی ہیں۔ لیکن ماؤں نے پھر بھی مامتا سے مجبور سارے کام خود کیے ہوں گے۔ کچھ بچےجنہوں نے ابھی نوجوانی کی دہلیز پر قدم رکھا ہوگا امی سے چھپ کر جیل کر لگا کر ہیر اسٹائل بھی بنا یا ہوگا لیکن امی نے تو آکر اس ہیئر اسٹائل پر اونی ٹوپی رکھ دی ہوگی کہ بیٹا باہر بہت ٹھنڈ ہے، بنا ٹوپی کے باہر مت جانا۔ بچوں کی تیاری کے دوران ماؤں نے بہت سارے ٹفن لنچ بکس بھی تیار کیے ہوں گے، گرما گرم پراٹھے، کباب، بریڈ، آملیٹ اور کیا نعمت نہیں، اس چھوٹے سے ڈبے میں چپس، کیچپ، سوسج، مفن کیا نہیں۔کتنے ہی بچوں نے اپنے والد سےبھی پیسے نکلوائے ہوں گے کہ کینٹین سے بھی چیزیں کھائیں گے اور دوستوں بھی کھلائیں گے۔
کوئی بچہ اسکول وین میں گیا ہوگا تو کوئی اسکول بس میں، کوئی ڈرائیور کے ساتھ تو کسی نے ماں باپ کے ساتھ درس گاہ کا رخ کیا ہوگا۔ ماؤں نے کتنی دیر ہاتھ ہلا ہلا کر اپنے بچوں کو خداحافظ کہا ہوگا، جب تک وہ اوجھل نہیں ہوا ہوگا، ماں کا ہاتھ رکا نہیں ہوگا۔ کتنی دعائیں کرکے اسکول بھیجا ہوگا کیونکہ آج تو اسکول میں پیپر تھا۔ کتنے ہی باپ بھی اپنے بچوں کی کامیابی کے لیے دعاگو رہے ہوں گے کہ اللہ تعالیٰ میرے بچے کو امتحان میں سرخرو کرنا۔ زندگی معمول کے مطابق تھی، بچے مسکول میں، مائیں اپنے گھروں میں اور والد اپنے اپنے دفاتر میں۔ مائیں تو بچوں کے لیے دوپہر کا کھانا بنانے میں مصروف اور سوچتی ہوں گی جب میرا بیٹا میرالال واپس آئے گا تو اس کا من پسند کھانا کھلاؤں گی،لیکن یہ دن تو شروع ہی ہوا تھا قیامت صغریٰ میں تبدیل ہونے کے لیے۔ بچے اپنی اپنی کلاسوں میں امتحان دینے میں مشغول تھے کہ اچانک دہشت گردوں نے اسکول پر حملہ کردیا، ڈیڑھ ہزار نہتے طالب علم اوران کے نہتے110اساتذہ اس صورتحال کے لیے تیا ر نہیں تھے،لیکن پھر بھی اساتذہ نے ہر ممکن کوشش کی کہ بچوں کو بچایا جائے۔والدین کے بعد دنیا کا سب سے مقدس رشتہ اساتذہ کا ہے، کتنے ہی اساتذہ نے دہشت گردوں سے کہا ہوگا کہ ان کے شاگردوں کو کچھ مت کہا جائے لیکن دہشت گرد کہاں انسانیت کی زبان جانتے ہیں۔ انہوں نے اندھا دھند بچوں اور اساتذہ پر فائر کھول دیا۔
جس وقت گھروں میں مائیں اپنے بچوں کے لیے انواع واقسام کے کھانے بنا رہی تھیں اس وقت دہشت گرد چن چن کر ان کے بچوں کو گولیوں سے چھلنی کررہے تھے۔ بچوں کے اجلے یونیفارم خون کے لال رنگ سے رنگے گئے، ان کی کتابیں بستے سب دہشت گرد اپنے پاؤں تلے روندتے گئے اور مزید لوگوں کو نشانہ بنانے نکل گئے۔ جب یہ خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیلی تو مائیں گھروں سے نکلیں۔شفقت سے بھرپور باپ دفاتر کاروباری مراکز سے بھاگے کہ اپنے جگر گوشوں کو بچائیں لیکن ان کے بچے تو دہشت گردوں نے یرغمال بنا لیے تھے۔ پاک آرمی نے آپریشن کا آغاز کیا، بچوں اور اساتذہ کو دہشت گردوں کے چنگل سے چھڑوانے کا آغاز کیا۔ اب تک بیشتر بچوں اور اساتذہ کو بحفاظت نکال لیا گیالیکن بہت سے ذی روح جان کی بازی ہار گئے۔ مائیں بلکتی رہیں اور اسکول سے لاشیں نکلتی رہیں،وہ جو خواب ان بچوں نے دیکھے تھے وہ سب چکنا چور ہوگئے، جو امیدیں والدین کی تھیں وہ بھی ایک گولی کی وجہ سے ختم ہوگئیں۔
پورا پشاور خون میں نہا گیا، وہ بھی ننھے منے پھولوں کےخون سے۔وہ پھول جو بنا کھلے مرجھا گئے۔وہ پھول جنہوں نے ابھی پائلٹ، ڈاکٹر، صحافی، سیاستدان، انجینئر، فوجی، بینکار بن کر اس ملک کی باگ ڈور کو سنبھالنا تھا۔ وہ بچے جن کی ماؤں نے ان کے سہرے کے پھول دیکھنے تھے سب منوں مٹی تلے جا سوئے۔ جس ماں نے نو مہینے اپنی کھوکھ میں رکھ کر پیدا کیا راتوں کو جاگ جاگ کر اپنے بچوں کو بڑا کیا، آج وہ یہ رات ان کے بنا کیسے گزاریں گے، اس کا جواب کون دے گا؟والدین اسپتالوں میں اپنے بچوں کو دیوانہ وار ڈھونڈتے رہے اور اس وقت بچوں کی کراہنے کی آوازیں اور لواحقین کی آہ و زاری کی وجہ سے قیامت کا سماں ہےلیکن اب بھی قوم کے حوصلے بلند ہیں۔ بچوں کی لاشیں وصول کرتے وقت بھی والدین کہتے رہے ہمیں اپنے بچوں کی شہادت پر فخر ہے اور حکومت اور پاک فوج چن چن کر ان دہشت گردوں کا خاتمہ کرے۔
سوشل میڈیا پر بھی عوام غم و حسرت کی تصویر نظر آئے اور پل پل اس واقعے کی مذمت کرتے رہے اور آنسو بہاتے رہے۔ آج ساری قوم متحد نظر آرہی ہے، اسی جذبے کے ساتھ ہم دہشت گردی کو شکست دے سکتے ہیں۔ جن ماؤں کے جگر گوشے چلے گئے وہ کبھی واپس نہیں آسکتے اور کوئی ان کے غم کا مداوا نہیں کرسکتا لیکن حکومت اور فوج مل کر بیٹھے اورحکمت عملی تیار کرے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات کا سدباب کیسے کرنا ہے تاکہ کسی اور ماں کی گو د نہ اجڑے اور کوئی بھی بچہ اس صورتحال کا سامنا نہ کرے جس دہشت بربریت اور ظلم کے نشانہ بچے آج بنے۔
ظلم کی وہ داستاں کہ کانپے قلم جو ہو رقم
روحوں کے وہ زخم جو لفظوں سے بھر نہ پائیں گے
جو نگاہیں خامشی سے راہ ہماری دیکھتی ہیں
جان لو پتھر اگیں گر وہ ہماری آس ہیں
خون سے رنگے ہوئے ان منظروں کو دیکھتے
تو کیا ہمارا روپ ہوگا مختلف قاتل سے پھر
آنے والی نسل جب تاریخ کے اوراق پر
کاغذ کے منہ پہ خود پڑھے گی سب لکھا اس طور سے
تو کیا گوارہ وہ کرے گی شکل ہماری دیکھنا

Javeria Siddique writes for Daily Jang

Contact at https://twitter.com/#!/javerias
– See more at: http://blog.jang.com.pk/blog_details.asp?id=10446#sthash.1cGsGD6V.dpuf